وقاص احمد: گارڈن ٹاؤن کے احمد بلاک میں ایک شہری سے مبینہ طور پر 50 لاکھ روپے بھتہ طلب کرنے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ شہری محمد جاوید کو واٹس ایپ نمبر سے کال موصول ہوئی، جس میں کال کرنے والے نے اپنا تعارف وقاص گوندل کے نام سے کروایا اور خود کو سرگودھا کے علاقے کوٹ مومن کا رہائشی بتایا۔
متن کے مطابق ملزم نے دعویٰ کیا کہ شہری کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں اور اسے اور اس کے خاندان کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں، حتیٰ کہ بیٹے کے اسکول سے متعلق بھی آگاہی ظاہر کی۔
ایف آئی آر میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملزم نے 50 لاکھ روپے بھتہ نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور بیٹے کو اغوا کرنے کی بھی دھمکی دی۔ ملزم مختلف نمبروں سے مسلسل رابطہ کرکے رقم کا مطالبہ کرتا رہا۔
پولیس نے محمد جاوید کی درخواست پر بھتہ خوری اور ٹیلگراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔