ابوبکر ارشد:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شہر بھر میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔ مختلف مارکیٹوں اور دکانوں پر سبزیوں اور پھلوں کے نرخ شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بن گئے۔
مارکیٹ میں آلو 40 روپے، پیاز 100 روپے اور ٹماٹر 60 روپے فی کلو فروخت ہوتے رہے جبکہ لہسن اور ادرک 110 روپے فی پاؤ میں فروخت کیے گئے۔ اسی طرح کریلے 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئے۔
پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں کیلے 250 روپے درجن، آڑو 550 روپے فی کلو، سیب 450 روپے، خربوزہ 100 روپے، تربوز 60 روپے اور گرما 110 روپے فی کلو فروخت ہوا۔
شہریوں نے شکایت کی کہ متعدد دکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹیں آویزاں نہیں کی گئیں، جس کے باعث دکاندار من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں۔
شہریوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔