سٹی42: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تھری نے سرکاری محکموں کی مالی بدعنوانی کےکیسزفوری نمٹانےکا ٹاسک سی ایم آئی ٹی کو تفویض کردیا۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تھری نے وزیرِاعلیٰ معائنہ ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ وہ مالی سال 2018 سے 2022 تک ہونیوالی مالی بدعنوانیوں کی تحقیقات 20 مارچ تک مکمل کرے۔ 2018 سے 2022 کے دوران پنجاب پر پی ٹی آئی (پاکستان تحریک انصاف) کی حکومت تھی۔
معائنہ ٹیم نے بزدار سرکار کے دور میں ہونیوالی مبینہ مالی بے ضابطگیوں سے متعلق کئی سرکاری افسران کے بیانات ریکارڈ کر لیے ہیں۔
مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان سے بھی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔۔چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تھری احمد اقبال چودھری نے وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کے سیکرٹری کو ہر اجلاس میں لازمی شرکت کی ہدایت کر دی ۔
اگر 20 مارچ تک پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تھری کا اجلاس نہ ہوا تو وزیرِاعلیٰ معائنہ ٹیم اپنی تحقیقاتی رپورٹ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرانے کی پابند ہوگی۔