سٹی 42 : محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان ، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقاما ت پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
سوموار کے روز موسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابر آلودرہنے کے علاوہ شام /رات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاح چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام ، مانسہرہ،ایبٹ آباد، بونیر، باجوڑ، مہمند، کرم، خیبر اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری اور چند مقاما ت پر موسلادھار بارش کی توقع ہے، اس دوران پشاور، کوہاٹ، نوشہرہ، صوابی، مردان، ہنگو اور بنوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کےبیشتر اضلاع میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، گجرات ، سیالکوٹ، شیخوپورہ، لاہور اور گردونواح میں چند مقاما ت پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ مری،گلیات اور گردونوا ح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش / ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چا غی، کو ئٹہ ، ژوب، موسیٰ خیل اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کاامکان ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔