پنجاب ریونیو اتھارٹی میں انتظامی بحران پیدا ہونے کا خدشہ

 پنجاب ریونیو اتھارٹی میں انتظامی بحران پیدا ہونے کا خدشہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

شاہراہ ایوان تجارت (رضوان نقوی) پنجاب ریونیو اتھارٹی میں انتظامی بحران پیدا ہونے کا خدشہ، چیئرمین پی آر اے سمیت 5 اہم آسامیوں پر تعینات ان لینڈ ریونیو سروس کے افسروں کی ڈیپوٹیشن کا دورانیہ ختم ہونے کے قریب پہنچ گیا لیکن تاحال توسیع یا نئے افسروں کی تعیناتی کا فیصلہ نہ ہوسکا۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی کی اہم ترین آسامیوں پر تعینات ان لینڈ ریونیو سروس کے دو افسروں کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کا دورانیہ ختم ہوگیا جبکہ چیئرمین سمیت تین مزید افسروں کی ڈیپوٹیشن کا دورانیہ ختم ہونے کے قریب پہنچ گیا۔ پی آر اے کے افسروں کی ڈیپوٹیشن میں توسیع کی فائلیں محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی اور محکمہ خزانہ کے درمیان شٹل کاک بن گئی ہیں تاہم ابھی تک حکومت پنجاب توسیع دینے یا نئے افسروں کی تعیناتی کا فیصلہ نہیں کرسکی۔

  چیئرمین پی آر اے زین العابدین ساہی کی ڈیپوٹیشن کا دورانیہ رواں ماہ کے آخر میں ختم ہوجائے گا تاہم انہیں پنجاب میں مزید توسیع دینے کا فیصلہ ابھی تک ایس اینڈ جی اے ڈی میں زیرالتوا ہے۔

پی آر اے کے ایڈیشنل کمشنر ہیڈ کوارٹر علی منصور اور ایڈیشنل کمشنر سعدیہ اکمل کی ڈیپوٹیشن کا دورانیہ ختم ہوگیا تاہم ابھی تک انہیں توسیع دینے یا ان کی جگہ نئے افسروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ بھی نہیں ہوسکا، ایڈیشنل کمشنر فرحان ستار اور ذکا اللہ کی ڈیپوٹیشن کا دورانیہ ختم ہونے میں دوماہ باقی رہ گئے ہیں۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے آخری تین ماہ میں انتظامی بحران سے بچنے کیلئے فی الفور فیصلہ نہ کرنے کی صورت میں اتھارٹی کیلئے ٹیکس اہداف پورے کرنا محال ہوجائے گا۔

Sughra Afzal

Content Writer