سٹی 42: سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں بڑی کارروائی، 14 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع بسیمہ کے علاقے نال میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا،دہشت گرد قریبی پولیس اسٹیشن اور بینکوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مذموم عزائم ناکام بنا دیے،آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو مؤثر انداز میں روکا گیا اور بھرپور نشانہ بنایا گیا،شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔
دہشت گردوں کے زیر استعمال 4 گاڑیاں اور دیسی ساختہ بارودی مواد بھی موقع پر تباہ کر دیا گیا،شدید فائرنگ کے تبادلے میں لانس حوالدار محمد عباس نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔پاکستان سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔