رانا آزار: پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام لیول ٹو کوچنگ کورس نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ چھ روزہ کورس میں 29 شرکاء نے جدید کوچنگ تکنیکوں اور کرکٹ کے مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ تربیت حاصل کی۔
کورس کے دوران جدید بیٹنگ تکنیک، میچ حکمتِ عملی اور کھیل کے تکنیکی پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی گئی۔ شرکاء کو کوچنگ کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مختلف عملی اور نظریاتی سیشنز بھی منعقد کیے گئے۔
تربیتی پروگرام میں سپورٹس سائیکالوجی، بایومکینکس، ایتھلیٹ مینجمنٹ، فٹنس اور سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ جیسے اہم موضوعات کو بھی شامل کیا گیا تاکہ شرکاء کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔
کورس میں پاکستان کے معروف کرکٹرز آصف آفریدی، فخر زمان، عثمان خان شنواری اور حسین طلعت نے بھی شرکت کی۔
ہیڈ آف کوچ ایجوکیشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ شاہد اسلم نے بتایا کہ لیول ٹو کورس مکمل کرنے والے شرکاء کے لیے چھ ماہ پر مشتمل پوسٹ کورس پروگرام بھی ترتیب دیا گیا ہے، جس کے ذریعے ان کی عملی کارکردگی اور کوچنگ مہارتوں کا مزید جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کورس کے دوران شرکاء کو پلاننگ، بایومکینکس، فٹنس اور سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ سمیت مختلف شعبوں میں جامع تربیت فراہم کی گئی تاکہ وہ جدید تقاضوں کے مطابق کوچنگ کی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔