ویب ڈیسک : بنگلہ دیشی وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس نے پاکستانی کرکٹر محمد رضوان کے حوالے سے نیا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کے دوران میچ ختم ہونے کے بعد رضوان نے بنگلہ دیشی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہیں کیا۔
ایک انٹرویو میں لٹن داس کا کہنا تھا کہ کھیل کے دوران گرما گرمی ہو سکتی ہے، تاہم میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں کو ایک دوسرے سے ہاتھ ملانا چاہیے۔ ان کے بقول پاکستانی ٹیم کے دیگر تمام کھلاڑیوں نے بنگلہ دیشی ٹیم سے مصافحہ کیا، لیکن محمد رضوان نے ایسا نہیں کیا۔
لٹن داس نے کہا کہ اگر رضوان کو ان سے کوئی مسئلہ تھا تو وہ الگ بات ہے، تاہم پوری بنگلہ دیشی ٹیم نے ان کے ساتھ کچھ نہیں کیا تھا۔ انہوں نے اس طرز عمل کو غیر پیشہ ورانہ قرار دیا۔
بنگلہ دیشی بیٹر نے ٹیسٹ سیریز کے دوران ہونے والی تلخ کلامی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ جانتے تھے کہ پاکستانی ٹیم میں بابر اعظم اور محمد رضوان ایسے بیٹرز ہیں جو میچ کا رخ بدل سکتے ہیں، اس لیے وہ رضوان پر دباؤ ڈالنا چاہتے تھے۔
لٹن داس کے مطابق انہوں نے رضوان پر وقت ضائع کرنے کا الزام بھی اسی حکمت عملی کے تحت لگایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں وکٹوں کے پیچھے کھڑے ہونا مشکل تھا، جس کے باعث انہوں نے رضوان پر دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ سیریز کے دوران دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی خبروں کی زینت بنا تھا۔