ملک اشرف : بادامی باغ بس سٹینڈ پر دکانیں رات کو بند کرانے کاکیس،جسٹس احمد ندیم ارشد نے معاملہ کمشنر لاہور ڈویژن کو بھجوا دیا ۔درخواست گزاروں کے مؤقف کا جائزہ لے کر قانون کے مطابق 10 روز کے اندر فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔
جسٹس احمد ندیم ارشد نے ظفر اقبال سمیت 20 دکانداروں کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب چوہدری تنویر احمد نے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت کی جانب سے رات نو بجے کے بعد دکانیں بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ لہٰذا صرف درخواست گزاروں کو استثنیٰ دینا دیگر تاجروں اور دکانداروں کے ساتھ امتیازی سلوک کے مترادف ہوگا۔حکومتی پالیسی کے معاملات میں عدالتی مداخلت مناسب نہیں۔
سماعت کے دوران جسٹس احمد ندیم ارشد نے ریمارکس دئیے کہ دکانیں بند کروانا حکومت کا پالیسی معاملہ ہے اور عدالت حکومتی پالیسی میں مداخلت نہیں کر سکتی۔ عدالت نے قرار دیا کہ انتظامی نوعیت کے اس معاملے پر متعلقہ انتظامیہ پہلے فیصلہ کرنے کی مجاز ہے۔عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے معاملہ کمشنر لاہور ڈویژن کو بھجوا دیا اور ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کے مؤقف، حکومتی پالیسی اور متعلقہ قوانین کا جائزہ لے کر دس روز کے اندر میرٹ پر فیصلہ کیا جائے۔