ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

گوہر اعجاز کا ملکی برآمدات میں کمی پر اظہار تشویش، تجارتی خسارہ بڑھنے کا دعویٰ

گوہر اعجاز کا ملکی برآمدات میں کمی پر اظہار تشویش، تجارتی خسارہ بڑھنے کا دعویٰ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

وقاص عظیم: سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے ملکی برآمدات میں کمی اور بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی برآمدات میں مطلوبہ اضافہ نہیں ہو رہا، جبکہ تجارتی خسارہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔

اپنے بیان میں گوہر اعجاز نے کہا کہ 2023 میں برآمدات میں سالانہ 10 فیصد اضافے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جو مالی سال 2023-24 میں حاصل کر لیا گیا تھا اور اس دوران ملکی برآمدات 30 ارب 90 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی تھیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت گزشتہ دو برسوں کے دوران برآمدات میں سالانہ 10 فیصد اضافے کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کے مطابق 30 جون 2026 تک ملکی برآمدات 30 ارب ڈالر رہیں، جو مالی سال 2023-24 کے مقابلے میں تقریباً 80 کروڑ ڈالر کم ہیں۔

گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو برسوں میں پاکستان برآمدات میں 8 ارب ڈالر اضافے کا موقع گنوا چکا ہے اور ملکی برآمدات غیر مستحکم ہو چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر برآمدات میں سالانہ 10 فیصد اضافہ برقرار رہتا تو آج پاکستان کی برآمدات 38 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہوتیں۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ برآمدات میں اضافے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید معاشی نقصان سے بچا جا سکے۔