مریم مظہر:شہر میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم گرم اور مرطوب محسوس کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن کے مختلف اوقات میں 5 سے 40 فیصد بارش کے امکانات موجود ہیں۔
شہر میں 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، تاہم دن بھر ہوا کی رفتار کم رہنے کے باعث حبس اور گھٹن میں اضافہ محسوس کیا جا سکتا ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں آج دن کے اوقات میں موسم نسبتاً گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ صبح کے وقت ہی درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ گرمی کی شدت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران پارہ 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔اس وقت جنوب مغرب سے 16 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جس سے موسم میں معمولی حد تک بہتری کا امکان ہے۔