ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد سے نتھیاگلی ہیلی کاپٹر سروس لانچ، آپ بھی سفر کر سکتے ہیں، مگر کیسے؟

اسلام آباد سے نتھیاگلی ہیلی کاپٹر سروس لانچ، آپ بھی سفر کر سکتے ہیں، مگر کیسے؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک :سیاحوں کے لیے ایک منفرد اور پُرتعیش سفری سہولت متعارف کرا دی گئی ہے، جس کے تحت اب اسلام آباد سے خوبصورت پہاڑی مقام نتھیاگلی تک ہیلی کاپٹر کے ذریعے سفر ممکن ہو گیا ہے۔

اس سفری سہولت کا آغاز 3 ماہ قبل ہو چکا ہے اور اب تک متعدد افراد ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسلام آباد سے نتھیاگلی کا سفر کر چکے ہیں۔ لگژری ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز بیرن نامی ایوی ایشن کمپنی نے نتھیاگلی کے ہوٹل ڈبل ٹری بائے ہلٹن کے اشتراک سے کیا ہے۔

ہیلی کاپٹر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز بھرتا ہے اور نتھیاگلی میں ڈبل ٹری بائے ہلٹن ہوٹل کے خصوصی ہیلی پیڈ پر لینڈ کرتا ہے۔ ایک پرواز میں زیادہ سے زیادہ 5 مسافروں کی گنجائش رکھی گئی ہے، جو خاندانوں، چھوٹے گروپس اور انفرادی سیاحوں کے لیے موزوں ہے۔

اس سروس کا کرایہ 5 ہزار 300 امریکی ڈالر (راؤنڈ ٹرپ) یعنی تقریبا ساڑھے 14 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے، جس کے باعث یہ سہولت خاص طور پر اُن افراد کے لیے متعارف کرائی گئی ہے جو آرام، سہولت اور منفرد تجربے کو ترجیح دیتے ہیں۔

متعلقہ حکام کے مطابق، اس اقدام سے مقامی اشرافیہ کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سیاحوں کی توجہ بھی حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ شمالی پاکستان میں ہائی اینڈ اور ایڈونچر ٹورازم کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ یہ سروس دارالحکومت سے ایک تیز اور دلکش پہاڑی سیاحت کا نیا دروازہ کھولتی ہے۔

یہ خصوصی فضائی سفر سیاحت، اعلیٰ معیار کی سہولیات کو یکجا کرتا ہے، جو روایتی زمینی سفر کے مقابلے میں تیز، آرام دہ اور یادگار تجربہ فراہم کرتا ہے۔ ایک گھنٹے پر مشتمل یہ راؤنڈ ٹرپ مسافروں کو اسلام آباد اور ہمالیہ کے دامن میں واقع دلکش مناظر کو فضاء سے دیکھنے کا موقع دیتا ہے۔