(علی اکبر) وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی، وزیر اعلی پنجاب کہتے ہیں کہ ہم نے زبانی جمع خرچ کی بجائے ترقی و خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں، تبدیلی کھوکھلے نعروں سے نہیں بلکہ عوام کی عملی خدمت سے آتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ایوان وزیر اعلی میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی ہے، اس موقع پر سینیٹ الیکشن، سیاسی امور اور ترقیاتی پروگراموں پر تبادلہ خیال, سپیکر قومی اسمبلی اور وزیر ریلویز کی منصوبوں میں 682 ارب روپے کی بے مثال بچت پر وزیراعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کا کہان تھا کہ عوام کی ترقی و خوشحالی کا سفر تیزی سے طے کررہے ہیں، وسائل قوم کی امانت ہیں، ایک ایک پائی ان کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جا رہی ہے۔
ترقیاتی منصوبوں میں شفاف پالیسی اپنا کر اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے, ترقیاتی منصوبے معیار اور شفافیت کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہیں، منصوبوں میں 682ارب روپے کی بچت کرکے ملک کی تاریخ میں نیا ریکار ڈ قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں انفراسٹرکچر اور کھیتوں سے منڈیوں تک سڑکوں کا جال بچھایا گیا ہے۔
لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلابی حیثیت کا حامل ہے، لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین پر روزانہ لاکھوں افراد سفر کریں گے۔ وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم نے زبانی جمع خرچ کی بجائے ترقی و خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں, تبدیلی کھوکھلے نعروں سے نہیں بلکہ عوام کی عملی خدمت سے آتی ہے۔
پنجاب آج ترقی کے میدان میں ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے، تبدیلی کے نام نہاد دعویداروں کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے, دوسروں پرتنقید کرنے والوں کی اپنے صوبے میں کارکردگی صفر ہے ۔ ان عناصر نے صرف اور صرف بے بنیادِ الزامات،جھوٹ اور منفی سیاست کی ہے۔
ساڑھے چار سال میں جھوٹ، الزامات اور یو ٹرن لینے والوں کو عوام معاف نہیں کرے گی، عوام کھوکھلے نعروں اور منفی سیاست کرنے والوں کو آئندہ انتخابات میں یکسر مسترد کر دیں گے۔