سٹی42: ٹی ٹوینٹی کرکٹ سیریز کے پہلے میچ میں ساؤتھ افریقہ کی ٹیم کو بھارتی ٹیم نے خون کے آنسو رلا دیئے۔ ساؤتھ افریقہ کی یہ ٹیم پاکستان سے ٹی ٹوینٹی اور ون ڈے میچوں کی سیریز ہار کر انڈیا گئی ہے۔
پاکستان نے ساؤتھ افریقہ کو ٹی ٹوینٹی سیریز میں 1-2 سے ہرایا تھا اور ون ڈے میچوں کی سیریز مین بھی 1-2 سے ہرایا تھا۔ آج اسی ٹیم کو انڈیا کی ٹیم نے 101 رنز سے ہرا دیا۔
بھارتی میڈیا نے ٹی-20 سیریز: پہلے مقابلے میں ساؤتھ افریقہ کی ہار کو ہندوستان کے سامنے جنوبی افریقہ کی خودسپردگی قرار دیا۔
بھارت کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے سامنے 176 رنوں کا ہدف رکھا تھا۔ جواب میں مارکرم کی قیادت مین کھیل رہی پروٹیز ٹیم 12.3 اوور ہی کھیل پائی اور محض 74 رنوں پر سمٹ گئی۔
ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ سے وَن ڈے سیریز جیتنے کے بعد اب ٹی-20 سیریز میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ 5 ٹی-20 میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں آج ہندوستانی ٹیم جنوبی افریقہ کو روند کر رکھ دیا۔
کٹک کے بارابتی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں سوریہ کمار یادو کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 101 رنوں کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ چوٹ کے سبب 2 مہینے تک ٹیم سے باہر رہنے والے اسٹار آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے اچھی واپسی کی اور طوفانی نصف سنچری بنا کر ہندوستانی ٹیم کا اسکور 20 اوور میں 175 رنوں تک پہنچایا۔
اس کے بعد باؤلرز کی مشترکہ کوششوں کے دَم پر ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو 12.3 اووروں میں محض 74 رنوں پر سمیٹ دیا۔ یہ جنوبی افریقہ کا ٹی-20 بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے چھوٹا اسکور ہے۔
آج انڈین ٹیم نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کی اور 6 وکٹ کے نقصان پر 175 رن بنائے۔ لیکن یہاں تک پہنچنا اس کے لیے آسان نہیں تھا۔ ایسا اس لیے کیونکہ ٹاپ آرڈر کے بلے باز رن بنانے میں ناکام رہے۔ ٹیم میں واپسی کرنے والے شبھمن گل پہلے ہی اوور میں پویلین لوٹ گئے، جبکہ کپتان سوریہ کمار یادو اور ابھشیک شرما بھی زیادہ دیر تک میدان پر نہیں رہ سکے۔ محض 78 رن پر ہی ہندوستانی ٹیم نے 4 وکٹ گنوا دیے تھے اور حالات مشکل نظر آ رہے تھے۔
ایسے وقت میں ہاردک پانڈیا نے ٹیم کو نہ صرف سنبھالا، بلکہ تیزی کے ساتھ رن بھی بنائے۔ انھوں نے میدان میں اترتے ہی جنوبی افریقہ کے گیندبازوں پر حملہ شروع کر دیا۔ ان کی بلے بازی نے ہندوستانی ٹیم کے رنوں کی رفتار بڑھا دی۔ جلد ہی ہاردک پانڈیا نے محض 25 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔
ہاردک نے 28 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 59 رنوں کا تعاون کیا، جس میں 6 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے لنگی اینگیڈی نے سب سے زیادہ 3 وکٹ لیے۔ پانڈیا کو ان کی بہترین کارکردگی کے لیے پلیئر آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا گیا۔