ویب ڈیسک: ایپل نے مصنوعی ذہانت کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث پیدا ہونے والی میموری چپس کی کمی سے نمٹنے کے لیے چین کی کمپنی سی ایکس ایم ٹی کی میموری چپس کو آئی فون اور میک بکس سمیت مختلف مصنوعات میں آزمانا شروع کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایپل نے چین کی سب سے زیادہ مارکیٹ ویلیو رکھنے والی چپ ساز کمپنی سی ایکس ایم ٹی کے ساتھ ابتدائی بات چیت بھی کی ہے، جس کا مقصد اس کے تیار کردہ میموری کمپوننٹس کو چین میں فروخت ہونے والی بعض ڈیوائسز میں استعمال کرنا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپل کی جانب سے سی ایکس ایم ٹی کی میموری چپس کی آزمائش ایسے وقت میں کی جا رہی ہے جب مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیزی کے باعث میموری چپس کی طلب میں اضافہ ہوا ہے اور سپلائی پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
تاہم ایپل اور سی ایکس ایم ٹی کی جانب سے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب ایچ پی اور ایسر سمیت بعض لیپ ٹاپ بنانے والی کمپنیوں نے بھی امریکا سے باہر فروخت ہونے والے اپنے آلات میں سی ایکس ایم ٹی کی میموری چپس کا استعمال شروع کردیا ہے تاکہ سپلائی کی کمی کو کم کیا جاسکے۔
سی ایکس ایم ٹی اس سے قبل پیداوار بڑھانے کے لیے بیجنگ میں دوسرا میموری چپ پلانٹ قائم کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔