حکومت کی کاشتکاروں سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدنے کی حکمت عملی تیار

حکومت کی کاشتکاروں سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدنے کی حکمت عملی تیار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (سعود بٹ) گندم خریداری کے انتظامات کے لئے حکومت متحرک ہے، حکومت پنجاب کی طرف سے کاشتکاروں سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی۔

صوبائی وزیر انرجی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ  کسانوں کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنائیں گے، 13 اپریل سے گندم کی خریداری کا عمل شروع ہوگا، گندم خریداری میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

 اختر ملک کے مطابق ملتان میں ایک لاکھ نوے ہزار ٹن گندم خریدی جائے گی، ضلع میں گندم کی خریداری کے لئے17 مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں، گندم خریداری میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈاکٹر اختر ملک کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظر دنیا کو غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کسانوں سے گندم کا دانہ دانہ خریدا جائے گا، حکومت گندم کی خریداری کے ٹارگٹ میں اضافہ کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلور ملز اور فیڈ ملز کو ضرورت سے زیادہ خریداری سے روکنے کے لئے پالیسی بنائی جائے گی، شہروں میں آٹے کا مصنوعی بحران ختم ہوگیا ہے، آئندہ برس آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کا پیشگی بندوبست کریں گے۔

منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن محمود جاوید بھٹی کا کہنا تھا کہ آئندہ سیزن کیلئے بیج کی تیاری کے تناظر میں 15لاکھ من گندم خریداری کا ہدف پورا کیا جائیگا ،اس سلسلے میں وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال کی ہدایت پر ڈائریکٹر پروکیورمنٹ سرور شمسی کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے گندم خریداری کیلئے نئی پالیسی جاری کر دی، صرف لائسنس یافتہ ہی گندم کی خریداری کرسکیں گے۔گزشتہ روز چیف سیکرٹری میجر (ر)اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر خریداری مرکز پرقا نون نافذکرنیوالے اداروں اور سول ڈیفنس کے اہلکاربھی تعینات کیے جائیں گے۔

Sughra Afzal

Content Writer