(ویب ڈیسک)شہر قائد کے علاقے عبداللہ شاہ غازی گوٹھ میں ایک سرکاری نرس کے گھر 22 تولہ سونے کی ڈکیتی کرنے والا ملزم پکڑا گیا ہے۔
سچل شعبہ تفتیش پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سرکاری نوکری کرنے والی نرس کا سونا اور کیش ریکور کر لیا ہے، چھاپا مار کارروائی کے دوران 2 ملزموں کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 9 تولہ سونا، 9 لاکھ 50 ہزار کیش برآمد کر لیا گیا۔
اسٹیشن انویسٹگیشن افسر پرویز علی کے مطابق 4 ستمبر کو اسکیم 33 عبداللہ شاہ غازی گوٹھ میں چوری ہوئی تھی، ثنا اصغر نامی نرس ڈیوٹی پر گئی تو ملزمان تالا توڑ کر گھر میں گھس گئے، ملزمان نے گھر کے تمام کمروں کی تلاشی لی اور الماری سے 9 لاکھ 55 ہزار روپے کیش نکالا، جبکہ ٹوٹل 22 تولہ سونا جو مختلف پیکٹس میں موجود تھا چوری کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان جنید اور مختیار احمد پڑوسی تھے، ملزم جنید نے آدھا سونا اپنے بھائی کی شادی پر لگا دیا تھا، 2 روز قبل ہی مرکزی ملزم کے بھائی کی شادی ہوئی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق کرائم سین یونٹ نے شواہد جمع کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔