ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بسنت کے شوقین افراد کیلئے بڑی خبر

بسنت کے شوقین افراد کیلئے بڑی خبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: بسنت کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری ہے کہ پنجاب میں محفوظ اور کنٹرولڈ بسنت کے انعقاد کے امکانات پر سنجیدہ غور شروع ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کی۔

اجلاس میں تجویز دی گئی کہ جشنِ بہاراں کے دوران مخصوص دنوں اور علاقوں میں مشروط اور محدود بسنت کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ تاہم، انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے خطرناک ڈور (تندی، دھاتی یا مانجھا لگی) اور غیر ذمہ دارانہ پتنگ بازی پر مکمل پابندی برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔

اہم تجاویز میں شامل ہے کہ محفوظ بسنت کے انعقاد کے لیے متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر سے NOC حاصل کرنا لازمی ہوگا۔اجازت لینے والے شخص یا مالک مکان کو حفاظتی اقدامات کا بیانِ حلفی جمع کروانا ہوگا۔پتنگ سازوں، فروشوں اور سپلائرز کو باقاعدہ رجسٹریشن کروانی ہوگی۔
اس کے علاوہ خلاف ورزی کی صورت میں رجسٹریشن منسوخ، قید اور جرمانے کی سزائیں دی جائیں گی۔بغیر اجازت پتنگ بازی یا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں والڈ سٹی اتھارٹی کو عوامی رائے جاننے کے لیے سروے کرانے کا ٹاسک بھی دیا گیا۔ لیسکو نے ماضی میں پتنگ بازی سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات پیش کیں۔

اجلاس میں ڈی جی والڈ سٹی نجم الثاقب،کمشنر لاہور مریم خان،ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ عاصمہ اعجاز،ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر محمد وسیم،ایس ایس پی سیکیورٹی عبدالوہاب،صدر آل پاکستان پتنگ باز ایسوسی ایشن شکیل شیخ،معروف صحافی، سول سوسائٹی نمائندگان اور لیگل ایڈوائزرز شامل تھے۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بسنت کی بحالی اگر محفوظ انداز میں ممکن ہو، تو یہ ثقافتی سرگرمی، روزگار اور سیاحت کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ بن سکتی ہے۔