ایل ڈی اے افسر پر سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام

ایل ڈی اے افسر پر سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( رضوان نقوی ) ایل ڈی اے کے ٹاؤن پلانر محمد اظہر پر غیرقانونی تعمیرات کے ذریعے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے کا الزام، اینٹی کرپشن نے ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔

اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے نے محمد اظہر کو غیرقانونی تعمیرات میں ملوث ہونے کے الزامات میں بارہ اکتوبر کو طلب کرلیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹرانویسٹی گیشن شیخ محمد احمد نے ٹاؤن پلانر ایل ڈی اے کو طلبی کا نوٹس جاری کیا۔ ٹاؤن پلانر محمد اظہر پر بلڈنگ بائی لاز اور نقشوں کی خلاف ورزی کرکے کمرشل تعمیرات کروانے کا الزام ہے۔

مدعی عدنان حسن نے کریم بلاک میں پراپرٹی نمبر 162/163 میں قوانین کی خلاف ورزی کرکے کمرشل پلازہ تعمیر کروانے، کریم بلاک میں پراپرٹی نمبر 543، اقبال ٹاؤن سکندر بلاک میں کیکس اینڈ بیکس بیکری اور سکیم موڑ پر یورو سٹور کی تعمیرات میں سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے۔ 

ٹاؤن پلانر محمد اظہر نے الزامات کو سرے سے بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اکثر بلڈنگز نقشہ منظوری کے بعد تعمیر ہوئیں، غیر قانونی تعمیرات کی پشت پناہی کرنے والے مافیا کا راستہ روکا تو اینٹی کرپشن میں انکے خلاف انکوائری لگوادی گئی۔

محمد اظہر کا مؤقف ہے کہ الزامات کی فہرست میں کئی ایسی بلڈنگز کا ذکرہے، جو انکی تعیناتی سے کئی سال قبل تعمیر ہوچکی تھیں۔ اینٹی کرپشن سے مکمل معاونت کروں گا۔