ویب ڈیسک:کرکٹ آسٹریلیا نے ایک منفرد اور شائقین دوست قدم اٹھاتے ہوئے امریکی بیس بال کی مقبول روایت کو بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں متعارف کرا دیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق رواں سیزن میں بگ بیش لیگ کے میچز میں شائقین کو ہر اننگز کے پہلے اوور میں چھکے یا چوکے کی صورت میں کراؤڈ میں جانے والی گیند اپنے پاس رکھنے کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ یہ نیا اصول صرف ہر اننگز کے پہلے اوور میں لاگو ہوگا اور یہ اصول ویمنز بگ بیش لیگ اور مینز بگ بیش لیگ دونوں میں نافذ العمل ہوگا۔
اگر کوئی گیند براہِ راست یا اچھل کر باؤنڈری پار کر تماشائیوں میں چلی جاتی ہے تو مداح اسے واپس کرنے کے بجائے یادگار کے طور پر اپنے پاس رکھ سکیں گے اور یہ اقدام مقامی بینک کے تعاون سے متعارف کرایا گیا ہے، جو جولائی میں کرکٹ آسٹریلیا کا نیا شراکت دار بنا ۔
گزشتہ سیزن کے اعدادوشمار کے مطابق، مینز بگ بیش لیگ میں ہر 2 میچز میں اوسطاً پہلے اوور میں ایک گیند تماشائیوں تک پہنچی جبکہ ویمنز لیگ میں یہ شرح ہر 10 میچز میں ایک مرتبہ ہوئی۔
حکام کے مطابق یہ اقدام شائقین کے لیے کھیل کو مزید دلچسپ بنانے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ وویمنز بگ بیش لیگ 9 نومبر جبکہ مینز بگ بیش لیگ 14 دسمبر سے شروع ہوگی۔