ویب ڈیسک : بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سمیت متعدد ائیرپورٹس پر ائیر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں اچانک خرابی کے باعث درجنوں پروازیں منسوخ اور سینکڑوں تاخیر کا شکار رہیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
آج مجموعی طور پر 800 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ کئی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
خودکار پیغام رسانی کے نظام میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی جو ائیر ٹریفک کنٹرول کے ڈیٹا کی معاونت کرتا ہے۔ سسٹم کی خرابی کے باعث ائیر ٹریفک کنٹرولرز کو فلائٹ پلانز دستی طور پر پراسیس کرنے پڑے جس کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔کئی گھنٹوں بعد تکنیکی خرابی کو دور کیا گیا جس پر بھارت میں سوالات اٹھنے لگے ہیں کہ کیسے اتنے گھنٹوں تک ائیرٹریفک کنٹرول سسٹم میں خرابی رہی اور اسے کیوں جلد حل نہ کیا جاسکا۔آج رات ساڑھے نو بجے کے بعد ائیر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں خرابی کو دور کیا گیا ہے۔