علی ساہی: محکمہ ایکسائز پنجاب نے رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں میں گزشتہ سال کی نسبت نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق محکمہ ایکسائز نے رواں سال 10 ماہ میں 64 ارب 56 کروڑ روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 46 ارب 25 کروڑ روپے وصول کیے گئے تھے۔ اس طرح ٹیکس وصولیوں میں سوا 18 ارب روپے سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
حکام کے مطابق گزشتہ مالی سال مجموعی طور پر 57 ارب روپے سے زائد مختلف ٹیکسز کی مد میں وصول کیے گئے تھے، جبکہ رواں سال گزشتہ ہدف سے بھی 7 ارب روپے زائد وصولی کی گئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 23 ارب روپے جبکہ موٹر ٹیکس کی مد میں 36 ارب 12 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔ اسی طرح ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 3 ارب 26 کروڑ اور پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 1 ارب 14 کروڑ روپے کی وصولیاں کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کیلئے 73 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے حصول کیلئے ڈیفالٹرز کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔
محکمہ ایکسائز نے اہداف کے حصول کیلئے تقرروتبادلوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے ٹارگٹ پورا نہ کرنے والے انسپکٹرز اور ای ٹی اوز کے خلاف کارروائی کا عندیہ بھی دیا ہے۔