مال روڈ(علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار نرم کرنے کا فیصلہ اجتماعی مشاورت سے کیاگیاہے اورعام آدمی کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے متفقہ فیصلے کئے گئے۔ پنجاب حکومت نے وفاق اوردیگر صوبوں کے ساتھ اتفاق رائے سے فیصلے کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے کے تناظر میں شہریو ں کو حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا۔
صوبے کے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بھی بنانا ہے اور عام آدمی کے مسائل بھی حل کرنے ہیں۔عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔ شہری جتنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اتنا ہی کورونا سے محفوظ رہیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرمین وسیم اختر رامے نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں کوروناکے تناظر میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وطن واپس آنے والے مسافروں کو دوران قرنطینہ فراہم کی جانے والی سہولتوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں مسافروں کو ٹیک آوے کھانا منگوانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ مسافر دوران قیام آرڈر پر کھانا منگوا سکیں گے۔ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں غیر معیاری اور مہنگے داموں کھانے کی شکایت پر بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرمین وسیم اختر رامے نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرون ملک سے وطن واپس آنے والے مسافروں کی خدمت کیلئے تیار ہے۔ اپنے بہن بھائیوں کو مشکل کے وقت تنہا نہیں چھوڑیں گے.
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے لاک ڈاؤن سے متاثرہ ثقافتی اور ادبی تنظیموں ا ور اداروں کیلئے خصوصی گرانٹ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے محکمہ اطلاعات و ثقافت کو منظورشدہ فنڈز ثقافتی اور ادبی تنظیموں و اداروں کوجلد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ملتان کے تھانہ شاہ شمس کی حدود میں بچے کے قتل کے واقعہ اورخانیوال کے علاقے کبیر والا میں اغوا کے بعد نوجوان پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی.
دریں اثناء وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تھیلے سیمیا کے مرض سے بچاؤکے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صوبے میں تھیلے سیمیا کے مرض کے تدارک کیلئے جامع پالیسی مرتب کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے صدارتی ایوارڈ یافتہ نامورچولستانی مارواڑی لوک گلوکار کرشن لال بھیل کے ا نتقال پر گہرے دکھ او رافسوس کا اظہارکیاہے۔