آئی جی آفس آنے والے ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ

آئی جی آفس آنے والے ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

لوئر مال(عرفان ملک) پنجاب پولیس میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز، آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے فیلڈ ملازمین کے ساتھ ساتھ روزانہ دفتر آنے والے ملازمین کے ٹیسٹ کرانے کا حکم دے دیا، آئی جی افس کے5  سو سے زائد ملازمین کے ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔

پنجاب میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیلنا شروع ہوگیا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  پنجاب میں کورونا کے 504 نئے کیسز سامنے آنےکے بعد کنفرم مریضوں کی تعداد 9195 تک جاپہنچی، کورونا وائرس سے اب تک 182 اموات ہوچکی ہیں،22 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے،شہروں میں سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 3449 مصدقہ مریض ہیں، لاہور میں  کورونا وائرس سے اب تک 182شہری جاں بحق ہوچکے ہیں۔

کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پرلڑنے والی پنجاب پولیس بھی کورونا کی زد میں آگئی، لاہور سمیت پنجاب بھر میں 65 پولیس ملازمین کورونا کا شکار ہوگئے جبکہ 74 اہلکاروں کو قرنطینہ سنٹرز منتقل کردیا گیا، لاہور سمیت صوبہ بھرمیں اب تک 3600 پولیس افسران اوراہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا، نتائج میں 815 پولیس افسر واہلکاروں کی رپورٹ نیگیٹو آئی ہے اور 2 ہزار 721 کی رپورٹس کا انتظار ہے۔

کورونا وائرس سے فیلڈ میں ڈیوٹی دینے والے اہلکار و افسران جہاں شدید متاثر ہیں وہیں روزانہ دفتر میں فرائض انجام دینے والے بھی مہلک مرض کا شکار ہو رہے ہیں، آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے سی پی او میں سکیورٹی ڈیوٹی اور دفاتر میں کام کرنے والے افسران واہلکاروں کے کورونا ٹیسٹ کرانے کے احکامات جاری کیے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر سو ملازمین کے ٹیسٹ کرائے جائیں گے، جس کے لیے محکمہ ہیلتھ کی ٹیم سی پی او کے اندر ہی کیمپ لگا کر سیمپلنگ کرے گی۔

تمام عمل کی نگرانی اے آئی جی ایڈمن انور کیتھران کریں گے جبکہ دیگر اضلاع میں بھی روزانہ دفتروں میں ڈیوٹی کے لیے آنے والے ملازمین کے ٹیسٹ کرانے کا حکم دیا گیا ہے، اس سے پہلے فیلڈ میں ڈیوٹیاں سر انجام دینے والے 4 ہزار کے قریب ملازمین کے ٹیسٹ کرائے جاچکے ہیں، ٹیسٹ مثبت آنے والے ملازمین کے علاج و معالجے کے ساتھ ساتھ ویلفیئر فنڈ سے 25 ہزار کی مالی امداد کا حکم بھی جاری کیا ۔

Sughra Afzal

Content Writer