ویب ڈیسک: پاک فوج نے پاک افغان سرحد کے چمن سیکٹر میں دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحدی باڑ کی حفاظت اور غیر قانونی دراندازی روکنے کے لیے پاک فوج کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
پاک افغان بارڈر پر چمن سیکٹر سے ملحقہ سرحدی علاقے میں 3 سے 4 خوارج پر مشتمل تشکیل کی دراندازی کو پاک فوج نے ناکام بنا دیا، پاک فوج نے باڑ کاٹنے والے خوارج کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔
پاک فوج اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی زخمی حالت میں فرار ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے 4 سے 5 تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) اور سرحدی باڑ کاٹنے کا سامان بھی برآمد ہوا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے دہشتگردوں کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے، جبکہ سرحدی علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔