ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایران کے ڈرون حملے؛ اسرائیل کی تہران کے آئل ڈپوؤں پر بمباری

ایران کے ڈرون حملے؛ اسرائیل کی تہران کے آئل ڈپوؤں پر بمباری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی جبکہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حملوں اور جوابی کارروائیوں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ حالیہ پیش رفت میں ایران کی جانب سے خلیجی اور علاقائی مقامات پر ڈرون حملے کیے گئے، جس کے جواب میں اسرائیل نے ایران میں  موجود تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

دبئی میڈیا آفس کے مطابق ایک ایرانی ڈرون دبئی مرینا کے علاقے میں واقع مرینا ٹاور سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں عمارت میں آگ لگ گئی۔ واقعے کے دوران ملبہ گرنے سے ایک پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گیا جبکہ امدادی ٹیموں نے فوری طور پر آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔

اسی دوران عراق کے شہر اربیل میں بھی ایک امریکی فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا گیا۔ عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کردستان ریجن میں واقع اربیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملہ کیا گیا جس کے بعد متعدد زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور علاقے میں آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے۔

ادھر ایران اور اسرائیل کے درمیان براہِ راست کشیدگی بھی برقرار ہے۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ تہران سے اسرائیل کے مختلف علاقوں کی طرف میزائل داغے گئے جن میں متعدد مقامات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

اس کے جواب میں اسرائیلی افواج نے ایران کے اندر کارروائی کرتے ہوئے مغربی تہران کے شہر کرج میں واقع ایک بڑے تیل ذخیرہ کرنے والے ڈپو پر فضائی حملہ کیا۔

 عرب میڈیا کے مطابق کوہاک اور شہرَان کے علاقوں میں موجود مزید تین آئل ڈپو بھی بمباری کی زد میں آئے، جس کے بعد وہاں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔

رپورٹس کے مطابق حالیہ حملوں اور جوابی کارروائیوں نے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے، جبکہ مختلف ممالک صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور سفارتی سطح پر تناؤ کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔