(عمرا سلم) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ ملک کی اقتصادی و سماجی ترقی کیلئے خواتین کے عملی میدان میں کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو جن حقوق سے نوازا ہے، کسی معاشرے میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ مسلم لیگ (ن) نے خواتین کے تحفظ، عزت و احترام میں اضافے اور انہیں معاشرے میں باوقار مقام دلانے کے لئے تاریخی اقدامات کیے۔خواتین کے حقوق کے حوالے سے وضع کردہ پالیسی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں خواتین کا کوٹہ5 فیصد سے بڑھا کر15 فیصد کیا گیا ہے جبکہ سرکاری اداروں میں بھرتی کے لئے مقررکی جانے والی ہر کمیٹی میں ایک خاتون ممبر کا ہونا لازم قرار دیا جا چکا ہے۔ صوبے کی لاکھوں خواتین کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے بلاسود قرضہ جات دیئے جارہے ہیں۔
دوسری جانب گردوں کے امراض سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ صوبے بھر کے سرکار ی ہسپتالوں میں ڈائلسیز کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہورمیں سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ وریسرچ سینٹر قائم کیا گیا ہے جس کے پہلے مرحلے کا آعاز ہو چکا ہے، بلاشبہ یہ سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ گردے کے امراض میں مبتلا مریضوں کو معیاری علاج معالجہ فراہم کر رہا ہے اور جدید طبی سہولتیں ایک چھت تلے مل رہی ہیں۔