عابد چودھری:گڑھی شاہو کے علاقے میں ڈولفن سکواڈ نے کارروائی کرتے ہوئے ایک پیشہ ور شراب فروش کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کو سٹاپ اینڈ سرچ آپریشن کے دوران حراست میں لیا گیا۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق اہلکاروں نے گڑھی شاہو چوک کے قریب مشکوک شخص کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران اس کے قبضے سے 7 بوتلیں امپورٹڈ شراب اور ایک بیئر کین برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت آکاش کے نام سے ہوئی ہے جو ریکارڈ یافتہ ملزم ہے۔ برآمد ہونے والی شراب قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو مزید کارروائی کے لیے تھانہ گڑھی شاہو کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش جاری ہے۔
ڈولفن سکواڈ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔