ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

آٹے کی قیمت میں کمی کا عندیہ

 آٹے کی قیمت میں کمی کا عندیہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حسن علی) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے آنے والے دنوں میں گندم کی قیمت میں استحکام کے ساتھ ہی آٹے کی قیمت میں کمی کا عندیہ دے دیا۔ حکومت نے گندم کی بین الصوبائی نقل و حمل سے پابندی ختم کرنے کے ساتھ گندم ایمپورٹ کرنے کی بھی اجازت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چئیرمین عاصم رضا کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے گندم کی بین الصوبائی نقل و حمل سے پابندی اٹھانا خوش آئند ہے جبکہ حکومت نے آنے والے دنوں میں گندم کی ایمپورٹ کی اجازت دے دی ہے اور جیسے ہی گندم کی ایمپورٹ ہوگی گندم کے مقامی ذخیرہ اندوز ذخیرہ کی گئی گندم کو مارکیٹ میں فروخت کریں گے۔ عاصم رضا کا کہنا تھا کہ گندم کی قیمت میں استحکام گندم کی قیمت میں کمی سے ہی ہو سکتا ہے کیونکہ آٹے کی قیمت میں اضافہ گندم کی قیمت میں اضافے کے باعث ہوا۔

یاد رہے اس سے قبل چئیرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون عبدالروف مختار نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ محکمہ خوراک پنجاب کی ناقص پالیسیوں کے باعث آج گندم کی قیمت 1600 روپے فی من سے تجاوز کر چکی ہے اور آنے والے مہینوں میں گندم کی قیمت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے اس لئے 10 لاکھ ٹن گندم ایمپورٹ کی جائے تاکہ مقامی گندم کی قیمت میں استحکام آ سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت گندم ایمپورٹ کرنے کے ساتھ ساتھ فلور ملز کو سرکاری گندم کا اجرا کرے تاکہ عوام کو سستا آٹا فراہم کیا جا سکے کیونکہ فلور ملز کے پاس گندم موجود نہیں ہے جبکہ محکمہ خوراک پنجاب نے اپنا ہدف پورا کرنے کے لئے فلور ملز کو گندم کی خریداری کی اجازت نہیں دی تھی جس کے باعث آج حالات یہ ہیں کہ فلور ملز کے پاس گندم موجود نہیں ہے۔

چئیرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون عبدالرؤف مختار کا مزید کہنا تھا کہ ابھی بھی پاس کو اور پنجاب کے مختلف سرکاری محکمے فلور ملز کے گندم کے ٹرک روک رہے ہیں جس کے باعث حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں اس لئے گندم کی فلور ملز کو فراہمی کے حوالے سے حکومت فوری طور پر کوئی مثبت فیصلہ کرے تاکہ عوام کو سستے داموں آٹا فراہم کیا جا سکے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer