ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور ہائیکورٹ نے سیکرٹری کوآپریٹو کے آرڈر کیخلاف دائر درخواست نمٹادی

لاہور ہائیکورٹ نے سیکرٹری کوآپریٹو کے آرڈر کیخلاف دائر درخواست نمٹادی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے گورنمنٹ آفیسرز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی مینجمنٹ کمیٹی کو جاری کیے گئے شوکاز نوٹس کے خلاف دائر درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی داد رسی کے لیے سیکرٹری کوآپریٹو سے رجوع کریں، کیونکہ اس مرحلے پر عدالت مداخلت نہیں کرے گی ۔

جسٹس راحیل کامران شیخ نے ندیم اکرام سمیت دیگر درخواست گزاروں کی درخواست پر سماعت کی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عثمان خان عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سیکرٹری کوآپریٹو نے مینجمنٹ کمیٹی کو شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کے لیے سات روز کی مہلت دی تھی، تاہم اس کارروائی کو عدالت میں چیلنج کیا گیا ہے۔اس موقع پر جسٹس راحیل کامران شیخ نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ "کوآپریٹو سوسائٹی رولز کا رول 48 پڑھیں۔" جب وکیل نے کہا کہ وہ پہلے کچھ اہم نکات بیان کرنا چاہتے ہیں تو عدالت نے ریمارکس دیے، "کورٹ آپ کو ہی سننے بیٹھی ہے، آرام سے بتائیں۔"بعدالت نے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، "آپ نقطے پر آنے کے بجائے عدالت کو دائیں بائیں لے جا رہے ہیں، پبلک ٹائم ضائع نہ کریں، اصل مدعے اور رول 48 پر آئیں۔

"اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عثمان خان نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزاروں نے یکم جولائی کے سیکرٹری کوآپریٹو کے آرڈر کو عدالت سے مخفی رکھا، جس کے باعث موجودہ درخواست غیر مؤثر ہو چکی ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق درخواست گزاروں کے پاس سیکرٹری کوآپریٹو کے فیصلے کے خلاف متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کا مؤثر قانونی حق موجود ہے، جبکہ مینجمنٹ کمیٹی بھی سپرسیڈ ہو چکی ہے۔عدالت نے درخواست گزاروں کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں یکم جولائی کے آرڈر پر اعتراض ہے تو وہ اسے سیکرٹری کوآپریٹو کے سامنے چیلنج کریں۔درخواست گزاروں کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے معاملہ سیکرٹری کوآپریٹو کو بھجوا دے، تاہم جسٹس راحیل کامران شیخ نے یہ استدعا مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ "آپ سیکرٹری کوآپریٹو سے رجوع کریں، یہ عدالت اس مرحلے پر کوئی مداخلت نہیں کرے گی۔"عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ "اگر سیکرٹری کوآپریٹو کے سامنے بھی آپ کی داد رسی نہ ہو تو عدالت کے دروازے آپ کے لیے کھلے ہیں۔"بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزاروں کو متعلقہ قانونی فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔

Ansa Awais

Content Writer