(ملک اشرف)لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الہی ، راسخ الہی اور زاہرا الہی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرنے کا حکم دے دیا،جسٹس شمس محمود مرزا نے درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔
تفصیلات کےمطابق لاہور ہائیکورٹ میں پرویز الہی اُن کے بیٹے راسخ الہی اور بہو زاہرا الہی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کےخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی،عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد پرویز الٰہی، بیٹے راسخ الٰہی اور بہو زارا الٰہی کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم جاری کر دیا۔
یاد رہے کہ مختلف مقدمات میں نامزد ہونے کی وجہ سے چوہدری پرویز الٰہی اور دیگر کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے گئے تھے۔
28 جون کو وفاقی حکومت نے صدر تحریک انصاف پرویز الہٰی کا نام پی سی ایل میں ڈال دیا تھا جسے انہوں نے عدالت میں چیلنج کردیا تھا، درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ وفاقی حکومت نے غیر قانونی طور پر نام پی سی ایل میں شامل کیا، پرویز الہٰی کو عمرے کی ادائیگی کے لیے جانا ہے۔
نام ای سی ایل میں شامل کر دیا گیا ہے، پرویز الہٰی نے استدعا کی کہ لاہور ہائی کورٹ نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔