مانیٹرنگ ڈیسک: قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ بلے باز حارث سہیل ہم اسٹرنگ انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ پی سی بی کے مطابق حارث سہیل کا ایم آر آئی اسکین بدھ کو ہوا جس سے پتہ چلا کہ وہ گریڈ تھری انجری کا شکار ہیں، ڈاکٹروں کی جانب سے حارث سہیل کو 4 ہفتے کا آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔
حارث سہیل کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شامل کیا گیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ حارث سہیل وطن واپس پہنچ کر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ری ہیب پروگرام کریں گے۔یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج کارڈف میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ ٹیم میں حارث سہیل کی جگہ صہیب مقصود کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔