سٹی42: ·گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس( جی ڈی اے)نے سندھ بھر میں 8 فروری کے جعلی انتخابات کے خلاف ضلعی پریس کلبوں کے سامنے پرامن احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔فنکشنل لیگ ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے قبل انتظامیہ نے دھاوا بول کر 24 سے زائد کارکنان کو گرفتار کرلیا۔
جی ڈی اے کے رہنماسردار عبدالرحیم نے کہا کہ انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے،کارکنان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتےہیں، پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، بوگس الیکشن اور سرکاری ہتھکنڈوں کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئےہیں۔ جی ڈی اے نے مطالبہ کیا کہ گرفتار کارکنان کو فوری رہا کیا جائے۔پرامن مظاہرین کے راستوں میں پولیس رکاوٹیوں پر سخت تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ گل پلازہ سانحہ حکومتی نااہلی اور بدانتظامی کی واضح مثال ہے۔سندھ میں نہ گڈ گورننس ہے اور نہ ہی حکومت کی رٹ،2024 کے انتخابات پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہیں۔دھاندلی کے ذریعے ہارے ہوئے امیدوار کامیاب قرار دیے گئے، جی ڈی اے کے تین منتخب ارکان نے حلف نہیں اٹھایا اور نہ اٹھائیں گے۔بے گناہ نوجوانوں پر جھوٹے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ جی ڈی اے آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔اسلام آباد امام بارگاہ خودکش دھماکے کی شدید مذمت، شہداء اور زخمیوں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہارکرتے ہیں۔