سٹی42:بسنت کا وقت ختم ہونے میں چند گھنٹے باقی ہیں اور اندرونِ لاہور میں شہریوں کا جوش و خروش اپنے عروج پر ہے۔ وقت کم اور مقابلہ سخت ہونے کے باعث شہری بڑی تعداد میں چھتوں پر موجود ہیں اور آخری لمحات تک پتنگ بازی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
بسنت کے آخری روز پتنگوں کی خریداری میں بھی واضح اضافہ دیکھا گیا، جبکہ نوجوان شہری خصوصاً جین زی دستانے خریدنے میں مصروف نظر آئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چونکہ آج بسنت کا آخری دن ہے اس لیے وہ رات گئے تک پتنگ بازی کا مزہ لینا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب اندرونِ لاہور میں چوہدری فیصل کی جانب سے بسنت کی ایک خصوصی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کی سماجی اور سیاسی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خواجہ محسن عباس بھی شریک ہوئے، جبکہ عاطف احمد دبئی اور چوہدری اصغر گجر کینیڈا سے خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ اس موقع پر چیئرمین بارکی لائرز فورم غلام مرتضیٰ بھی موجود تھے۔