ویب ڈیسک: ہالینڈ کے معروف زلزلہ پیما ماہر فرینک ہوگربیٹس نے خبردار کیا ہے کہ 13 سے 15 فروری کے دوران زمین، چاند اور سیارہ مشتری ایک سیدھ میں آ رہے ہیں، جس کے باعث زمین پر زلزلہ خیز سرگرمیوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
فرینک ہوگربیٹس کے مطابق اجرامِ فلکی کی یہ مخصوص جیومیٹری غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے اور اس عرصے کے دوران کوئی بڑا زلزلہ یا حیران کن واقعہ پیش آ سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آنے والے چند دنوں میں زمین کے مختلف حصوں میں زلزلوں کی شدت یا تعداد میں اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔
زلزلہ پیما ماہر نے عوام اور متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے اور کسی بھی ممکنہ “سرپرائز” کے لیے تیار رہنے کی تاکید کی ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں بھی بعض مواقع پر سیاروں کی مخصوص ترتیب کے دوران زمین پر نمایاں زلزلہ سرگرمیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ فرینک ہوگربیٹس اس سے قبل بھی سیاروں کی حرکات کی بنیاد پر زلزلوں سے متعلق پیش گوئیاں کر چکے ہیں، جن میں سے بعض درست ثابت ہوئیں جبکہ کچھ پر سائنسی حلقوں کی جانب سے اختلاف بھی سامنے آیا۔