شاہین عتیق ،منصور بھٹی :م حکومت پر تنقید کے نشتر چلا نے والے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کو عدالت نے جھٹکا دے دیا۔ سپیشل جج اینٹی نارکوٹکس شاکر حسن نے رانا ثنا اللہ کیس میں تینوں درخواستوں کوخارج کر دیا ،عدالت نے رانا ثنا اللہ اور دیگر پانچ ملزمان کو فرد جرم کے لیے7مارچ کو طلب کرلیا۔
سپیشل جج اینٹی نارکوٹکس شاکر حسن کی عدالت میں اے این ایف نے رانا ثنا اللہ سمیت5افراد کے خلاف ہیروئن رکھنے کے الزام میں چالان پیش کررکھا ہے، عدالت میں رانا ثنا اللہ کی طرف سے دو درخواستیں دیں کہ شہریار آفریدی نے جس ویڈیو کا ذکر کیا اس کی کاپی فراہم کی جائے، اس کے علاوہ رانا ثنا اللہ کی جو گاڑی پکڑی تھی سپرداری پر دی جائے ۔عدالت میں پراسیکیوشن نے کیس روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کی درخواست دی، عدالت نے تینوں درخواستوں کو خارج کر دیا۔
اس سے قبل پراسیکیوشن کی درخواست پر رانا ثناء اللہ کے وکیل نے سماعت ایک ماہ تک ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ بار کے الیکشن کے باعث 29 فروری کے بعد کی تاریخ دی جائے۔
رانا ثناء کے وکیل کا کہنا تھا کہ عدالت میں اور بھی کیسز ہیں، کیا پراسیکیوشن کو ان کیسز میں جلدی نہیں، رانا ثناءکے کیس میں جلدی کس بات کی ہے۔اس موقع پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ رانا ثناءاللہ الزام لگاتے ہیں کہ پراسیکیوشن تاخیری حربے استمعال کررہی ہے، اس لیے چاہتے ہیں کہ مقدمے کا تیزی سے ٹرائل ہو۔خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن نے کہا کہ فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہوچکے، فیصلہ آج ہی سنایا جائے گا۔
پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نام نہاد ریاست مدینہ سے انصاف لے کر رہیں گے، حمزہ ، احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی کی بھی جلد ضمانت ہوگی،حکومت تلخیاں اور نفرتیں پیدا کر رہی ہے ،غلط مقدمات شرمناک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے پوچھتا ہوں کہاں ہے تمہارا انصاف،جج کا وٹس ایپ پرتبادلہ کر دیا گیا، احسن اقبال،شاہد خاقان ،حمزہ شہباز کی ضمانت بھی ہو جائے گی،کل تک یہ لوگ سرعام پھانسی کی مذمت کر رہے تھے،اتحادیوں کو جلد ہی حکومت سے علیحدگی اختیار کر لینی چاہیے،جو بھی حکومت کے ساتھ رہے گا وہ ڈوب جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہریار صاحب نے کہا کہ ہمارے پاس رانا صاحب کی ویڈیو ہے،اگر ان کے پاس ویڈیو ہے تو کہاں ہے پیش کیوں نہیں کرتے،ہم آگے نہیں چلیں گے جب تک ویڈیو نہیں دیکھیں گے، مریم نواز کے خلاف جھوٹا، بے بنیاد مقدمہ قائم کیا گیا،عدالت نے مریم نواز کی ضمانت منظور کی ، مریم نواز کا حق ہے کہ اپنے والد کی تیمارداری کیلئے جائیں۔