ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بچوں سمیت بازیابی سے متعلق کیس،عدالت کا اطالوی خاتون کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا حکم

بچوں سمیت بازیابی سے متعلق کیس،عدالت کا اطالوی خاتون کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا حکم
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں مبینہ مغویہ اطالوی خاتون اور اس کے بچوں کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت ،عدالت نے خاتون کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایس پی آپریشنز کینٹ کو ہدایت کی کہ مبینہ مغویہ خاتون کو بچوں سمیت کل عدالت میں پیش کیا جائے، بصورت دیگر آئی جی پنجاب کو طلب کیا جا سکتا ہے۔

جسٹس جواد ظفر نے شہری محمد وقاص نور کی درخواست پر کی۔ درخواست گزار نے اپنی بیوی اور بچوں کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔سماعت کے دوران ایس پی آپریشنز کینٹ اختر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ان کے ہمراہ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل فخر عباس بھی موجود تھے۔ اس موقع پر عدالت نے متعلقہ ایس ایچ او شہریار کے بروقت پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا جس پر ایس پی کینٹ نے معذرت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔عدالت نے استفسار کیا کہ اس وقت مبینہ مغویہ خاتون کہاں موجود ہے جس پر ایس پی آپریشنز کینٹ نے بتایا کہ اطالوی خاتون اس وقت اپنے بچوں سمیت اسلام آباد میں اطالوی سفارتخانے میں موجود ہے۔ عدالت نے مزید پوچھا کہ خاتون اور اس کے بچوں کی موجودہ صورتحال کیا ہے جس پر ایس پی کینٹ نے بتایا کہ دونوں فریقین کو انکوائری میں شامل کیا گیا ہے اور خاتون اپنی مرضی سے گئی ہے، اس سے ویڈیو لنک پر بات بھی کی گئی ہے۔عدالت نے وفاقی حکومت کے لاء افسر سے مکالمہ کرتے ہوئے ہدایت دی کہ معلوم کیا جائے کہ خاتون کے پاس کتنے پاسپورٹ ہیں۔ جسٹس جواد ظفر نے حکم دیا کہ خاتون کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا جائے۔
جسٹس جواد ظفر نے ایس پی کینٹ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ خاتون اور اس کے بچوں کو 9 اپریل کو عدالت میں پیش کیا جائے، جہاں بھی ہیں انہیں لے کر آئیں، بصورت دیگر آئی جی پنجاب کو طلب کیا جائے گا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس معاملے میں ناخوشگوار حالات پیدا ہونے کے خدشات کی بو آ رہی ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ آئین کے تحت ہر شہری کو زندگی اور آزادی کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہے اور اس تناظر میں عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت نو اپریل تک ملتوی کر دی۔

Ansa Awais

Content Writer