ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے 761 ملازمین کو ریگولر نہ کرنے کے معاملے پر توہین عدالت کی درخواست پر ڈی جی پاپولیشن ویلفیئر اور ڈائریکٹر فنانس کو 14 اپریل کو طلب کر لیا ہے.
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جاوید اقبال وینس نے محکمہ کے 761 ملازمین کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار ملازمین کی جانب سے وکیل حافظ طارق نسیم عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل کے مطابق ملازمین نے محکمہ کو مستقلی کے لیے درخواستیں دی تھیں، لیکن ان کی داد رسی نہ ہونے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا۔
عدالت نے پہلے حکم دیا تھا کہ درخواست گزار ملازمین کو کام سے نہ روکا جائے اور عید سے قبل ان کی تنخواہیں ادا کی جائیں، تاہم اس عدالتی حکم پر اب تک عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ وکیل درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملازمین کو کام سے روک دیا گیا ہے اور یکم جنوری کے بعد تنخواہوں کی ادائیگی بھی نہیں کی گئی۔حافظ طارق نسیم ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ حکم عدولی کرنے پر سیکرٹری پاپولیشن سمیت دیگر ذمہ داروں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ عدالت نے معاملے کی سنجیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا اور آئندہ سماعت پر مکمل جواب جمع کروانے کی ہدایت کی۔کیس کی مزید سماعت چودہ اپریل کو ہوگی.