افشاں رضوان:لاہور کی اوپن مارکیٹ میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں سرکاری نرخ نامے اور عملی فروخت کے درمیان فرق برقرار ہے۔ متعدد سبزیاں اور پھل سرکاری قیمتوں سے کہیں زیادہ نرخوں پر فروخت کیے جا رہے ہیں۔
سبزیوں میں آلو کی سرکاری قیمت 30 روپے مقرر ہے، تاہم بازار میں 50 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ پیاز کا سرکاری نرخ 195 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 250 روپے کلو تک فروخت جاری ہے۔
ٹماٹر ملکی کی سرکاری قیمت 135 روپے مقرر ہے، جو بازار میں 200 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ لہسن ہرنائی کا سرکاری نرخ 270 روپے مقرر ہے، جبکہ اوپن مارکیٹ میں 390 روپے کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ ادرک کی سرکاری قیمت 320 روپے کے مقابلے میں بازار میں 400 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔
بھنڈی کا سرکاری نرخ 200 روپے جبکہ بازار میں 250 روپے کلو، کریلا 130 کے بجائے 160 روپے، ٹینڈے 170 کے بجائے 250 روپے، اروی 70 کے بجائے 120 روپے اور شملہ مرچ 240 کے بجائے 290 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
پھلوں میں انگور کی سرکاری قیمت 560 روپے مقرر ہے، تاہم بازار میں 700 روپے کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔ آڑو کا سرکاری نرخ 300 روپے جبکہ بازار میں 380 روپے کلو، سیب 350 کے بجائے 400 روپے کلو اور کیلا 180 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 200 روپے درجن فروخت ہو رہا ہے۔
امرود کی سرکاری قیمت 180 روپے مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں 290 روپے کلو تک فروخت جاری ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامے اور بازار میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں فرق کے باعث انہیں مہنگے داموں سبزیاں اور پھل خریدنے پڑ رہے ہیں۔