سٹی42: کور کمانڈرز کونفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کرنے والے دہشتگردوں، سہولت کاروں اور حوصلہ افزائی کرنے والوں سے ریاست بھرپور طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔ایسی تمام سرگرمیاں جو معاشی استحکام اور غیرملکی سرمایہ کاری کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، ان کے خاتمے کیلئے حکومت کی مکمل معاونت کی جائے گی جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 259 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی جس میں ملک کی موجودہ صورت حال بالخصوص سیکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کیلئے مذموم پروپیگنڈا کرنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا اور انشاءاللہ ایسے عناصر مزید رسوائی کا شکار ہوں گے۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں شرکاء نے 6 ستمبر کو ملک بھر میں یومِ دفاع و شہدا ء کو بھرپور طریقے سے منانے پر اپنی قابلِ فخر قوم کا شکریہ ادا کیا۔
کانفرنس کے دوران ضم شدہ اضلاع اور بلوچستان کےسرحدی اضلاع میں پائیدار امن و ترقی پر بھی زور دیا گیا۔
کانفرنس کے شرکاء نے عزم کا اعادہ کیا کہ ’ملک میں معاشی سرگرمیاں جو اس وقت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC)کی زیر نگرانی جاری ہیں، اُس کی مکمل حمایت کی جائے گی، ایسی تمام سرگرمیاں جو معاشی استحکام اور غیرملکی سرمایہ کاری کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، ان کے خاتمے کیلئے حکومت کی مکمل معاونت کی جائے گی‘۔
اعلامیے کے مطابق ’آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا اور فوجیوں کی فلاح و بہبود اور حوصلہ برقرار رکھنے اور مسلسل توجہ دینے پر کمانڈرز کی تعریف کی جو فوج کی آپریشنل تیاری کی بنیاد ہے‘۔
یہ بھی پڑھیے: پاک فضائیہ کے ائیربیسز پر 7 ستمبر کو یومِ شہداء کے طور پر منایا گیا، خصوصی تقاریب اور اجتماعات معقد کئے گئے
کانفرنس کے شرکاء نے ہر قسم کے بل واسطہ اور بلاواسطہ خطرات کیخلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکاء کو قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
کانفرنس کے شرکاء نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان اور سول سوسائٹی کے شہداء جنہوں نے ملک کی حفاظت، سلامتی اور وقار کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اُن کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
شرکاء نے کہا کہ ریاست پاکستان، مسلح افواج کے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کو ہمیشہ احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔ اعلامیے کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔