اسرائیل کی غزہ پر خوفناک بمباری، سینکڑوں فلسطینی شہید، سینکڑوں زخمی

اسرائیل کی غزہ پر خوفناک بمباری، سینکڑوں فلسطینی شہید، سینکڑوں زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائی حملوں کے نتیجے میں 198 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا ک کی رپورٹوں کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملوں کے بعد اسرائیل کے غزہ پر جوابی حملے جاری ہیں۔

غزہ کے فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیل کے فضائی حملوں میں 198 فلسطینی شہید ہوئے ہیں جب کہ 1600 سے زائد زخمی ہیں۔

اسرائیل کی ائیرفورس کی جانب سے  غزہ میں بظاہر عام فلسطینیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، غزہ میں دواؤں اور بنیادی ضروری اشیاء کی پہلے ہی قلت ہے اور موجودہ صورت حال میں حالات مزیددگرگوں ہوگئے ہیں۔

پاکستان میں موجود فلسطینی سفیر  احمد الربعی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا ہے کہ فلسطینی عوام  اس وقت بہت مشکل وقت سے گزر  رہے ہیں، ہم پاکستانی حکومت، فوج اور سیاسی جماعتوں کی حمایت کے شکرگزار ہیں۔ فلسطینی سفیر کا کہنا ہے کہ  ان شاء اللہ فلسطین اور قبلہ اول آزاد ہوگا۔

 ہفتے کی صبح غزہ سے اسرائیل پر 5000 راکٹ فائر کیے گئے اور حماس نے کئی اطراف سے اسرائیل کے اندر داخل ہو کر مزید حملے بھی کئے۔ جس کے بعد فلسطین اور اسرائیل میں جنگ چھڑ گئی، حماس کے اسرائیل پر زمین، سمندر اور فضا سے حملے جاری ہیں جس میں اسرائیل کے فوجیوں سمیت کم و بیش سو اسرائیلی ہلاک، سیکڑوں زخمی ہو چکے  ہیں اور  درجنوں یرغمال بنالیےگئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق حماس کے ملٹری ونگ نے اسرائیل کے خلاف آپریشن الاقصی طوفان کا اعلان کرتے ہوئے آج صبح 5 ہزار راکٹ فائر کیے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطین اور اسرائیل کے درمیان نئی جنگ چھڑ گئی ہے، غزہ سے اسرائیل پر ہزاروں راکٹ حملے ہوئے، غزہ سے راکٹ حملوں کے بعد تل ابیب سمیت پورے اسرائیل میں جنگ کے سائرن گونج اٹھے۔

جواب میں اسرائیل کی جانب سے بھی غزہ پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔