ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے تھیٹروں اور ڈرامہ ہالز پر پیرافورس کے چھاپوں کے خلاف درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب سے 13 مئی تک جواب طلب کر لیا۔
جسٹس احمد ندیم ارشد نے صابر علی سمیت دیگر تھیٹر ٹھیکیداروں کی درخواست پر سماعت کی ،درخواست گزاروں کی طرف سے میاں داؤد ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ حکومت نے خود تھیٹروں اور ڈرامہ ہالز کا وقت رات 11 بجے تا 1 بجے تک مقرر رکھا ہے،تھیٹر اور ڈرامہ ہالز 2 گھنٹوں کے علاوہ بجلی و دیگر وسائل استعمال ہی نہیں کرتے، موجودہ کفایت شعاری مہم کے تحت بھی حکومت نے تھیٹروں اور ڈرامہ ہالز پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی پابندی نہ ہونے کے باوجود پولیس اور پیرافورس زبانی حکم کے تحت چھاپے مار کرتھیٹرز اور ڈرامہ ہالز سیل کئے جاتے ہیں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ پیرافورس اور پولیس کو چھاپوں اور ہالز سیل کرنے سے روکےاور یہ چھاپے غیرقانونی قرار دیئے جائیں،عدالت نے پیرافورس کے چھاپوں کے خلاف درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب سے 13 مئی تک جواب طلب کر لیا۔