( ملک اشرف ) لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات کی سماعت کیلئے جاری ججز روسٹر میں پھر ترمیم کردی گئی، ترمیمی ججز روسٹر کا اطلاق گیارہ مئی سے ہوگا، دورکنی بنچز کی تعداد کم کرکے پانچ کردی گئی ہے۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد کیسز کی سماعت کیلئے تیسرا ترمیمی ججز روسٹر جاری کیا گیا ہے۔ آئندہ ہفتے سے چیف جسٹس محمد قاسم خان ڈویژن بنچز کیسز کی سماعت نہیں کریں گے۔ جسٹس عائشہ اے ملک کی سربراہی میں دورکنی بنچ میں سماعت نہیں ہوگی۔
پرنسپل سیٹ پر پندرہ سے زائد ججز کی عدالتوں میں کیسز سماعت کیلئے مقرر ہوں گے۔ چیف جسٹس سمیت دیگر ججز فوجداری، دیوانی سمیت مختلف نوعیت کے کیسز کی سماعت کریں گے۔ ڈویژن بنچ نمبر 1 جسٹس عاطر محمود اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل ہے۔
ڈویژن بنچ نمبر 2 میں جسٹس شمس محمود مرزا اور جسٹس شاہد کریم شامل ہیں۔ ڈویژن بنچ نمبر 3 میں جسٹس سید شہباز علی رضوی، جسٹس اسجد جاوید گھرال، ڈویژن بنچ نمبر چار میں جسٹس سردار احمد نعیم اور جسٹس فاروق حیدر نیب کیسز سمیت دیگر فوجداری مقدمات سنیں گے۔
ڈویژن بنچ نمبر 5 میں جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس انوار الحق پنوں شامل ہیں۔ عدالتوں میں دوران سماعت سماجی فاصلے، سینی ٹائزر، ماسک سمیت احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
پرنسپل سیٹ پر ججز روسٹر میں چیف جسٹس محمد قاسم خان، سینئر جج جسٹس محمد امیر بھٹی، جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس شاہد وحید، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عاطر محمود اور جسٹس مس عالیہ نیلم سمیت دیگر ججز شامل ہیں۔