سٹی 42 ( علی اکبر) ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں مسافروں کو ٹیک اوے کھانا منگوانے کی اجازت دے دی گئی۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں غیر معیاری اور مہنگے داموں کھانے کی شکایت پر بلا امتیاز کارروائی ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے اوورسیز پاکستانیز میشن پنجاب کے وائس چیئرمین وسیم اختر رامے نے ملاقات کی۔ اس موقع پر کورونا وباء کے تناظر میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل بارے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں مسافر دوران قیام آرڈر پر کھانا منگوا سکیں گے۔ اس اہم ملاقات کے موقع پر اس امر کی یقین دہانی کراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کو ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں مقیم مسافروں تک رسائی دی جائےگی۔ اس ضمن میں ضروری امور جلد طے کیے جائیں گے۔
اوورسیز پاکستانیز میشن پنجاب کے وائس چیئرمین وسیم اختر رامے سے ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ورک پرمٹ پر بیرون ملک روزی کمانے والے پاکستانیوں کوریلیف دینے کا جائزہ لیں گے۔ جبکہ موجودہ غیر معمولی حالات میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا کردارانتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ بیرون ملک مسافروں کے لیے قرنطینہ میں رہنا ان کی اوران کے پیاروں کی زندگیوں کےتحفظ کے لیے ضروری ہے۔
سردار عثمان بزدار سے ہونے والی اہم ملاقات کے دوران وسیم اختر رامے کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرون ملک سے وطن واپس آنے والے مسافروں کی خدمت کے لیے تیار ہے۔
خیال رہے کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے وفاقی حکومت نے خصوصی پروازیں چلائیں جس کے بعد بہت سے لوگ واپسی وطن پہنچے۔ واپسی آنے والے مسافروں کو کرونا رپورٹ آنے تک قرنطینہ مراکز میں رکھا جاتا ہے جس دوران ان کو کھانے پینے سے متعلق مسائل درپیش تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس حوالے سے اہم اقدام کرتے ہوئے ان کی اس مشکل کو حل کر دیا ہے۔