ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کشمیر کی سیاسی صورتحال پر بلاول بھٹو کی زیر صدارت اہم اجلاس، وزیراعظم سے ملاقات میں معاملات اٹھانے کا فیصلہ

کشمیر کی سیاسی صورتحال پر بلاول بھٹو کی زیر صدارت اہم اجلاس، وزیراعظم سے ملاقات میں معاملات اٹھانے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

روزینہ علی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت زرداری ہاؤس میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی قیادت، حکومتی عہدیداران اور سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کشمیر کی صورتحال پر ہونے والا یہ تیسرا اہم اجلاس تھا، جس میں آزاد کشمیر کی سیاسی، انتظامی اور حکومتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، وزراء، پارلیمانی اراکین، سابق وزرائے اعظم اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے اہم رہنما شریک ہوئے۔ بلاول بھٹو زرداری کو آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران آئندہ سیاسی اور انتظامی حکمت عملی پر غور کیا گیا جبکہ مختلف امور پر تبادلہ خیال کے بعد اہم فیصلوں پر بھی مشاورت کی گئی۔

اجلاس کے اختتام پر بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام معاملات مذاکرات اور باہمی بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے فیصلہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر سے متعلق تمام صورتحال وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے رکھی جائے گی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے تصدیق کی ہے کہ آج بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات بھی متوقع ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے معاملات خوش اسلوبی سے حل کر لیے جائیں گے۔