(حافظ شہباز علی) پی سی بی نے کرکٹ سے منسلک 161 افراد کو ویلفئیر فنڈ کے چیک ارسال کر دئیے۔
پاکستان کرکٹ نے ویلفئیر فنڈ سے مستحق افراد کو چیک ارسال کر دئیے۔ مشکل معاشی صورتحال کا شکار 161 فرسٹ کلاس کرکٹرز، گراؤنڈز مین، اسکوررز کو چیک ارسال کئے گئے ہیں، بورڈ کی طرف سے 93 گراؤنڈز
مین، 31 اسکوررز، 16 فرسٹ کلاس کرکٹرز، 20 امپائرز اور 1 ریفری کی امداد کی گئی ہے، تمام افراد کو چیک کے ساتھ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کی جانب سے ایک لیٹر بھی لکھا گیا ہے، لیٹر میں وسیم خان نے کہا ہے کہ آپ کی ماضی میں کرکٹ کی سرگرمیوں میں شرکت کا اعتراف کرتے ہیں، مشکل معاشی حالات میں آپ کی مالی معاونت کے لیے یک وقتی اسکیم متعارف کروائی ہے پرامید ہیں کہ یہ غیرمعمولی حالات اورآپ کی مشکلات جلد ختم ہوں گی۔
چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ پی سی بی اپنے محدود وسائل کے باوجود آئندہ بھی آپ کی مشکلات میں معاون رہے گا۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے اسی فنڈ میں 15 اور چیف آپریٹنگ آفیسر بیرسٹر سلمان نصیر نے 5 لاکھ روپے عطیہ کیے ہیں ۔
یاد رہے اس سے قبل چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے ذاتی حیثیت میں اگلے تین ماہ میں پندرہ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا جو مالی مسائل سے دوچار سابق کرکٹرز، میچ آفیشلز، سکوررز اور گراؤنڈز مین کی امداد کے لئے خرچ ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے رقم عطیہ کرنے کا رضاکارانہ فیصلہ ان سخت حالات میں کھیل کے سٹیک ہولڈرز کی مدد کے لئے کیا ہے، وسیم خان کا کہنا تھا کہ یہ میرا ایک چھوٹا سا حصہ ہے، ویلفیئر فنڈ پہلے ہی سٹیک ہولڈرز کی مالی معاونت کے لئے قائم ہے۔