ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں: شاہد آفریدی

سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں: شاہد آفریدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( آن لائن ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ کرکٹر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں، پاکستان نے بہت کچھ دیا ہے یہاں کے لوگوں کی مدد کرکے وہ لوٹانا چاہتا ہوں، میرے اس کام کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے، جب تک نیت ٹھیک ہے لوگوں کی خدمت کروں گا جس دن نیت خراب ہوگئی، اس دن فاؤنڈیشن بند ہو جائے گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ کرکٹر شاہد خان آفریدی نے گزشتہ روز کوئٹہ  چیمبر کا دورہ کیا ، شاہد آفریدی کے وہاں پہنچنے پر  چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے سینئر نائب صدر بدرالدین کاکڑ، ایف پی سی سی آئی بلوچستان کے کوآرڈینیٹر جمعہ خان بادیزئی و دیگر نے ان کا استقبال کیا، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے سنئیر نائب صدر بدرالدین کاکڑ نے شاہد خان آفریدی کا چیمبر آنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شاہد خان آفریدی کا بلوچستان میں غریبوں کی داد رسی سے متعلق کام قابل تعریف ہے بلکہ ہم سب کو بھی ان کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان صوبے کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کی نمائندہ پلیٹ فارم ہے جس کے ریگولر ممبران کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہے چیمبر کے ممبران نے کورونا وبا سے متاثرہ ہزاروں افراد میں اشیائے خوردونوش کے پیکٹس تقسیم کیے ہیں بلکہ غریب مریضوں کو ادویات کی فراہمی اور دیگر مدات میں بھی بھرپور معاونت کی ہے۔

انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹر ٹیم میں صوبے سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی شمولیت پر زور دیا اور اس سلسلے میں شاہد آفریدی سے بھی کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

  شاہد خان آفریدی نے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان میں چیمبر کے عہدیداران و ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی خدمت کا سفر گزشتہ 3 ماہ سے جاری ہے تاہم میری انسانی خدمات کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے، میں غریبوں کی مدد کرنا چاہتا ہوں،  25 سال سے اللہ پاک نے جوعزت دی وہ کم لوگوں کو ملی ، سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں،کل کیاہوگایہ اللہ بہتر جانتا ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال اور سیاحت اور تجارت کے میدان میں بہت ساری خدمات ہیں، بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، ان کو مواقع دینے کی ضرورت ہے، اگلا اور اپنا آخری پی ایس ایل کشمیر یا بلوچستان سے کھیلنے کا خواہشمند ہوں۔

Sughra Afzal

Content Writer