ویب ڈیسک:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکان صوبائی اسمبلی میاں شاہد حسین خان اور محمد عون جہانگیر نے ملاقات کی، جس میں عوامی مسائل کے حل، امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں صوبائی ترقیاتی منصوبوں، حلقہ جاتی مسائل اور عوامی فلاحی اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی نے کاہنہ سانحہ میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دکھی والدین کے لیے دعا بھی کی۔
ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو پنجاب کا تیسرا سرپلس بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دی اور ”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ سکیم کے آغاز کو بھی سراہا، انہوں نے گرین الیکٹرک بس منصوبے کو تحصیل سطح تک وسعت دینے کے اقدامات کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا عوامی فلاحی ویژن، روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری، بیوٹیفکیشن پراجیکٹس، بچوں اور خواتین کے لیے اختراعی اقدامات قابل تعریف ہیں، انہوں نے محرم الحرام کے دوران بہترین سکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی اور سرکاری سطح پر سبیلوں کے اہتمام کو بھی عوامی اعتماد کا باعث قرار دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کے اعتماد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کا سبق ہمیشہ قائد محمد نواز شریف سے سیکھا ہے،انہوں نے کہا کہ دیہی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن سے علاج معالجے کی سہولتیں عوام کو گھر کی دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہیں۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں تقریباً سوا لاکھ گھر تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں،وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی کو اپنے اپنے اضلاع میں عید میلاد النبی ﷺ کے انتظامات بھرپور انداز میں کرنے کی بھی ہدایت کی۔