ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کرکٹ کی دنیا میں نیا طوفان۔ ’ویبھو سوریہ ونشی‘نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا

کرکٹ کی دنیا میں نیا طوفان۔ ’ویبھو سوریہ ونشی‘نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) انڈر-19 عالمی کپ کا فائنل مقابلہ  بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہرارے میں کھیلا گیا،جہاں ایک زوردار طوفان کا مشاہدہ اسٹیڈیم میں بیٹھے لوگوں اور موبائل و ٹیلی ویژن اسکرین پر نظریں جمائے کرکٹ شیدائیوں نے کیا۔ اس طوفان کا نام ہے ’ ویبھو سوریہ ونشی‘، جس نے میدان پر قدم جماتے ہی اپنا ایسا اثر چھوڑا کہ ہر کوئی دیکھتا رہ گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق چوکوں اور چھکوں کی بارش کرتے سوریہ وَنشی نے ایسا ماحول پیدا کر دیا کہ کسی کے لیے بھی ایک لمحہ کے لیے سیٹ سے اٹھنا مشکل ہو گیا۔ خاص طور سے انگلش گیندبازوں کی حالت انتہائی خستہ تھی۔ انگلش بالرز نے اس وقت سکھ کا سانس لیا جب تیز رفتاری کے ساتھ 200 رن کی طرف بڑھ رہے سوریہ وَنشی ایک سلو گیند کو ’سلاگ سویپ‘ مارنے کی کوشش میں وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ گیند ان کے دستانہ کو چھو کر وکٹ کے پیچھے گئی، اور پھر انگلش کھلاڑیوں نے سوریہ وَنشی سے ہاتھ ملا کر ان کی بہترین بلے بازی کے لیے مبارکباد پیش کی۔
 ویبھو سوریہ وَنشی جب آؤٹ ہوئے تو وہ محض 80 گیندوں پر 175 رن بنا چکے تھے، اور اس درمیان کئی ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔ انھوں نے صرف باؤنڈری سے 150 رن بنائے، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ انھوں نے کس قدر جارحانہ رخ اختیار کیا ہوا تھا۔ لمسڈین کی گیند پر آؤٹ ہونے سے قبل وہ 15 چھکے اور 15 چوکے لگا چکے تھے، اور اس طرح یوتھ  ایک روزہ کرکٹ میں باؤنڈری کے ذریعہ سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اس سے قبل باؤنڈری کے ذریعہ 124 رن بنانے کا ریکارڈ تھا۔ انڈر-19 کرکٹ میں ایک اننگ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی ویبھو نے توڑ ڈالا، حالانکہ یہ ریکارڈ پہلے بھی ان کے ہی نام تھا۔
 ویبھو سوریہ وَنشی نے کسی ایک انڈر-19 عالمی کپ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 28 چھکے لگا دیے، اور یہ بھی عالمی ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل انڈر-19 عالمی کپ میں سب سے زیادہ 18 چھکے ڈیوالڈ بریوس نے 2022 میں لگائے تھے۔ فن ایلن نے بھی 2016 اور 2018 میں 18-18 چھکے لگائے تھے۔ سوریہ وَنشی نے اس ٹورنامنٹ میں 28 چھکے لگا کر آنے والی نسلوں کے سامنے ایک بڑا چیلنج رکھ دیا ہے۔ انڈر-19 عالمی کپ مقابلہ کے فائنل میں 175 رن بھی ذاتی طور پر ایک بہت بڑا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل فائنل مقابلہ میں سب سے بڑا ذاتی اسکور 111 رن تھا، جو کہ بھارت کے لیے اُنمکت چند نے 2012 میں بنایا تھا۔