علی اکبر:کبڈی کے عالمی کپ کی سکیورٹی کیلئے سکیورٹی اداروں نے سر جوڑ لئے،صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے فول پروف سکیورٹی دینے کی ہدایت کردی۔
وزیرقانون راجہ بشارت کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائےامن وامان کااجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیرکھیل تیموراحمدخان،وزیرمحنت انصرمجید خان ،چیف سیکرٹری اعظم سلیمان،آئی جی شعیب دستگیر نے شرکت کی ،کمشنر،سی سی پی او لاہورودیگرمتعلقہ افراد بھی شریک ہوئے۔9فروری سےشروع ہونیوالےکبڈی کپ،عالمی میچوں کی سکیورٹی کاجائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ کبڈی کپ کے میچ لاہور، فیصل آباد اورگجرات میں منعقد ہوگا،مقابلوں کے مقامات پر سخت سیکیورٹی کے انتظامات ہوں گے،ڈولفن فورس، پاک فوج اور رینجرز کے دستے تعینات کیے جائیں گے۔
وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ دکانداروں اور تاجروں کے مسائل کا خاص خیال رکھا جائے،وفاقی اور صوبائی محکمے آپس میں قریبی اورمسلسل رابطہ رکھیں،عام شہریوں کیلئے ٹریفک کے مسائل کم سے کم ہونے چاہئیں۔
یاد رہے جرمنی کی کبڈی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے،لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے حکام نے جرمنی کے کھلاڑیوں کا استقبال کیا اورسپورٹس بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کو گلدستے پیش کئے،حکومت پنجاب کی جانب سے مہمان ٹیموں کی میزبانی کیلئے انتظامات مکمل ہیں۔
واضح رہے کہ کبڈی ورلڈ کپ 9 فروری سے پنجاب فٹ بال سٹیڈیم میں شروع ہورہا ہے۔اس عالمی کپ میں پاکستان سمیت بھارت، ایران، افغانستان، کینیڈا ، آسٹریلیا اور دیگر ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ افتتاحی اور اختتامی تقریبات پنجاب اسٹیڈیم میں ہوں گی ۔ پہلا میچ پاکستان اور کینیڈا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ آٹھ روزہ ایونٹ کے پہلے تین روز مقابلے پنجاب اسٹیڈیم میں ہوں گے ۔12،13 فروری کو میچ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد منعقد ہوں گے ۔چودہ فروری کو مقابلے گجرات منتقل ہوجائیں گے۔ 15،16 فروری کو میچز پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔